چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انگلش ٹیم کی مسلسل تیسری شکست کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورپوری ٹیم 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ نے 30 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر میچ جیت لیا اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے جبکہ جوفرا آرچر نے 25 اور بین ڈکیٹ نے 24 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی باؤلنگ میں ریان ملڈر اور مارکو جیسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج نے دو وکٹیں لیں۔
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ میں وین ڈر ڈوسین نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ہینرچ کلاسن نے 64 رنز بنائے۔ اہم میچ کے دوران جنوبی افریقا کی کارکردگی شاندار رہی اور انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی اور گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ انگلش ٹیم کی مسلسل شکستیں ان کے مداحوں کے لیے مایوس کن ثابت ہوئی ہیں اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ بھارت اور نیوزی لینڈ نے گروپ اے سے کوالیفائی کیا جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا نے گروپ بی سے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔