ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے شایان شان استقبال کے لیے سعودی حکومت نے قران پاک کے لاکھوں نسخوں کی تقسیم سمیت متعدد اقدامات کی منظوری دی ہے۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی سعودی عرب نے دنیا بھر میں قرآن پاک کے لاکھوں نسخے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا کے 45 ممالک میں قرآن پاک کے 12 لاکھ نسخے بھجوانے کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی مملکت کے اسلامی و ثقافتی مراکز اور سفارت خانے قرآن مجید کے ان نسخوں کی تقسیم کی ذمہ داری سر انجام دیں گے ۔
رمضان المبارک میں تقسیم کے لیے قرآن پاک کے انتہائی دیدہ زیب نسخوں کا خاص ایڈیشن تیار کرایا گیا ہے جو شاہ سلمان کی جانب سے 45 ممالک کے مسلمانوں کو تحفہ کے طور پر بھیجا جا رہا ہے۔