اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد پولیس میں تقرر و تبادلوں کے سلسلے میں کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں کو ایس ایس پی کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اسلام آباد کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ ہمایوں کا تعلق پولیس سروس کے 43ویں کامن بیچ سے ہے اور انہوں نے ماضی میں متعدد اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حمزہ ہمایوں اس سے قبل نیکٹا میں فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی مختلف کلیدی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ ان کی سابق تعیناتیوں میں ایس پی صدر، ایس پی ٹریفک اور ایس پی سی ٹی ڈی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ وزیرداخلہ کے چیف سیکورٹی آفیسر اور آئی جی اسلام آباد کے پرسنل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کی بطور ایس ایس پی سی ٹی ڈی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان سے سیف سٹی کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے اورمحمد اقبال کو ایس ایس پی سیف سٹی کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ محمد اقبال کے پاس ایس ایس پی لاء اینڈ آرڈر اور ٹریننگ کے چارجز بھی رہیں گے۔ واضح رہے کہ محمد اقبال اس سے قبل ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے دونوں افسران کی تعیناتیوں کے نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں۔