لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) لاہور کے علاقے سمن آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے ڈیرے سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نیو مزنگ میں واقع ان کے ڈیرے کے سرونٹ کوارٹر سے گولی لگی ہوئی لاش ملی، جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملنے پر فوراً موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا گیا، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے، اور لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق مقتول کی لاش سرونٹ کوارٹر کے ایک کمرے سے ملی، جو ایک پولیس اہلکار نے چند ماہ قبل کرائے پر لیا تھا۔ تاہم ابھی تک مذکورہ اہلکار کو شاملِ تفتیش نہیں کیا گیا۔ مزید یہ کہ لاش کافی حد تک بوسیدہ ہو چکی تھی۔