اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد ہوگئی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے دائر کردہ 22 اے کی درخواست کو خارج کیا۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے کی۔ عدالت نے درخواست کو عدم پیشی کی بنیاد پر خارج کیا، درخواست گزار گل خان عدالت میں پیش نہ ہوئے، جبکہ سیکریٹریٹ تھانے کے ایس ایچ او نے بھی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔ تاہم، جواب جمع نہ ہونے اور درخواست گزار کی عدم موجودگی کے باعث عدالت نے درخواست مسترد کردی۔
قبل ازیں وزیراعظم، وزیرداخلہ اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ نے رپورٹ جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی تھی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی تھی۔ لیکن آج کی سماعت میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار گل خان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کا بیٹا مبینہ طور پر 26 نومبر کو ڈی چوک میں قتل ہوا تھا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی، جو خارج کر دی گئی ہے۔