اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینہ ہوٹل روڈ دونوں اطراف سے تا حکم ثانی بند رہے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں اور دوران سفر کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون کے باقی تمام داخلی و خارجی راستے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے کچھ اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فیض آباد سے اسلام آباد آنے والے شہری جناح ایونیو استعمال کر سکتے ہیں جبکہ کلب روڈ سے آبپارہ اور ریڈ زون جانے والے شہری فیض آباد لوپ سے جناح ایونیو انڈر پاس کے ذریعے مارگلہ روڈ کا رخ کریں۔ اسی طرح، بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک کے لیے کلب روڈ، فیض آباد اور ایکسپریس ہائی وے کو متبادل راستے کے طور پر تجویز کیا گیا ہے، جبکہ آبپارہ سے بہارہ کہو جانے والے شہریوں کو شکرپڑیاں روڈ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ مزید معلومات اور اپڈیٹس کے لیے شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر نظر رکھیں۔