وزیرِاعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر آذربائیجان پہنچ گئے، جہاں نائب وزیراعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف اور دیگر اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے۔
حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سینئر حکام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور دیگر اعلیٰ آذربائیجانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری میں وسعت، توانائی و دفاعی تعاون کے فروغ، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اشتراک اور ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔
دونوں برادر ممالک کے درمیان شراکت داری کے تحت مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
شہباز شریف اور آذربائیجان کی قیادت بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے کاروباری افراد شرکت کریں گے تاکہ مشترکہ منصوبے، تجارتی مواقع اور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ اقدار اور اہداف پر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزرا جام کمال، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک حسین، عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔