کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) حکومت سندھ نے صوبے کے تمام نجی تعلیمی اداروں میں شجر کاری مہم کے آغاز کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق وزیر تعلیم سندھ کی ہدایت پر نجی اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شجر کاری مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید نے کہا کہ گلوبل وارمنگ پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک کے لیے بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ اس تناظر میں تعلیمی اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں شجر کاری کی اہمیت اجاگر کریں اور انہیں درخت لگانے کی ترغیب دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر کے لیے چیلنج بن چکی ہیں، جبکہ درختوں اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں فضا میں آکسیجن کی مقدار میں کمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے، جو انسانی صحت اور ماحولیاتی توازن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
رفیعہ جاوید نے کہا کہ درخت اور پودے نہ صرف ہوا کو صاف کرتے ہیں بلکہ ہمیں تازہ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں شجر کاری کو ایک تحریک کے طور پر اپنایا جا رہا ہے، اور لوگ جوش و جذبے کے ساتھ اس میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی حکومت سندھ کی جانب سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ شجر کاری سے نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ ہوا کے معیار میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں درجہ حرارت کو کم کرنے، پانی کے ذخائر محفوظ کرنے اور آلودگی کے خلاف جنگ میں بھی مدد ملے گی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کہا کہ وزیر تعلیم سندھ نے نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شجر کاری کے حوالے سے طلبہ میں آگاہی مہم چلائیں اور عملی طور پر درخت لگانے کے عمل میں شریک ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ موسم بہار کی آمد کے پیش نظر تعلیمی ادارے اپنے احاطے اور ملحقہ علاقوں میں درخت لگانے کی مہم کا آغاز کریں تاکہ سبز اور صحت مند ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔