کوئٹہ میں رمضان المبارک کے دوران تین مقامات پر سستے بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تین مختلف مقامات پر سستے بازار لگانے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی سستا بازار جوائنٹ روڈ پر قائم ہوگا، جب کہ نواں کلی اور میزان چوک پر بھی سستے بازار لگائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے تعین اور سستے بازاروں کے قیام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں مقرر کردہ نرخوں کے مطابق بڑا گوشت 1050 روپے فی کلو، مٹن 1900 روپے فی کلو، چینی 130 روپے فی کلو، دودھ 170 روپے فی کلو، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1460 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
محکمہ زراعت کی جانب سے سستے بازار میں سبزیوں کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے، جہاں عوام کو تازہ سبزیاں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔