اسلام آباد( نئی تازہ نیوز) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت آئی سی ٹی ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن کی گورننگ باڈی کا سترھواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، کمشنر سوشل سیکورٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف ایجنڈہ آئٹمز زیر غور لائے گئے، جبکہ سوشل سیکورٹی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر سوشل سیکورٹی نے مختلف امور پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے اہل خانہ کے لیے ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کی منظوری دی گئی، جبکہ معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سٹاف ویلفیئر فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مزید برآں چیف کمشنر کی طرف سے مختلف منصوبوں کے لیے جوائنٹ وینچرز کے حوالے سے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
ورکرز کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے اجلاس میں حج پالیسی کی منظوری دی گئی، جس کے تحت وہ ورکرز جو سات سال سے زائد عرصے سے ملازمت کر رہے ہیں، حج درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے بہتر علاج و معالجے کے لیے اسلام آباد کے اعلیٰ اور معیاری ہسپتالوں کو پینل پر لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ان ہسپتالوں میں پی اے ایف ہسپتال، فوجی فاؤنڈیشن، نیسکام ہسپتال، کے آر ایل ہسپتال اور پنجاب سوشل سیکورٹی ہسپتال شامل ہیں۔ اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر فنانس کو ہدایت کی کہ وہ تمام پینل شدہ ہسپتالوں کے کنٹریکٹ ریٹس اور ڈسکاؤنٹس پر نظرثانی کریں تاکہ ملازمین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کے دوران ایک اور اہم پیشرفت یہ ہوئی کہ حال ہی میں تعمیر کیے گئے ہمک ماڈل ٹاؤن سوشل سیکورٹی میڈیکل سینٹر کے لیے سٹاف کی منظوری دے دی گئی، جس سے علاقے کے ملازمین اور ان کے خاندانوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں کیے گئے ان تمام فیصلوں کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور سوشل سیکورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
وزیراعظم کی حکام کو جعلی ادویات کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت