قصور( نئی تازہ رپورٹ) قصور کے قریب رائے ونڈ روڈ کھارا موڑ کے قریب وین نالے میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک میوزک گروپ کے افراد شامل تھے جو رائے ونڈ میں ایک تقریب کے بعد واپس جا رہے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سڑک سے پھسل کر پانی میں جا گری۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور ممکنہ طور پر نیند کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں یہ سانحہ رونما ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کو بلھے شاہ ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا، جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اسی طرح ایک اور افسوسناک واقعہ اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں گذشتہ روزپیش آیا، جہاں تیز رفتار کار اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین موقع پر جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں سوار افراد پنڈی گھیپ سے اسلام آباد جا رہے تھے۔