اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے رواں سال 2025 کے لئے صدقہ فطر اور فدیہ صوم کے نصاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدقہ فطر اور فدیہ صوم کی کم از کمرقم فی کس 220 روپے ہوگی، جو گندم کے حساب سے طے کی گئی ہے۔ تاہم، جو کے حساب سے یہ 450 روپے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کھجور کے حساب سے صدقہ فطر و فدیہ صوم کی رقم 1650 روپے ہوگی، جبکہ کشمش کے حساب سے 2500 روپے اور منقیٰ کے حساب سے 5000 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کریں، کیونکہ یہ ہر مسلمان، خواہ وہ غلام ہو یا آزاد، مرد ہو یا عورت، پر فرض ہے۔
اسی طرح 30 روزوں کا فدیہ گندم کے حساب سے 6600 روپے، جو کے حساب سے 13500 روپے، کھجور کے حساب سے 49500 روپے، کشمش کے حساب سے 75000 روپے، اور منقیٰ کے حساب سے 150000 روپے ہوگا۔
علاوہ ازیں ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے بتایا کہ جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنے یا 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانے کی صورت میں ادا کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سرکاری سبسڈی والے آٹے کے استعمال کرنے والے افراد صدقہ فطر اور فدیہ صوم 160 روپے کے حساب سے بھی ادا کرسکتے ہیں۔