رمضان المبارک 1446 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ 28 فروری 2025 کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شام کو محکمہ اوقاف کی پشاور میں واقع عمارت میں ہوگا، جبکہ ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 28 فروری کو شام 5:45 پر پیدا ہوگا اور یکم مارچ کی شام عمر پوری ہونے پر نظر آنے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر ملک بھر میں پہلا روزہ اتوار 2 مارچ 2025 کو ہونے کا امکان ہے۔
اگر چاند نظر آجاتا ہے تو پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز یکم مارچ کو ہو جائے گا، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں چاند 28 فروری کو نظر آسکتا ہے، جس کے بعد وہاں یکم مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔
پاکستان میں چاند کی رویت کے بعد ہی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، لیکن ابتدائی رپورٹس کے مطابق رمضان کا آغاز 2 مارچ سے متوقع ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں لاکھوں مسلمانوں نے رمضان کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
دریں اثنا پی ایم ڈی کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں رمضان المبارک کے آخری 10 دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کا آغاز 20 مارچ کے آس پاس ہوگا۔ تاہم رمضان کے ابتدائی دنوں میں موسم خوشگوار رہنے اور رات کے وقت سمندری ہواؤں کی بدولت خنکی برقرار رہنے کا امکان ہے۔