خانپور ( نئی تازہ نیوز) رحیم یار خان کی تحصیل خانپور کے علاقے ظاہر پیر میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر بس نے رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ دھند اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے بعد بس روڈ سے نیچے اتر گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ پل کے قریب بھی بس اور ڈمپر میں تصادم ہوا، جس میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
چند روز قبل ایک اور افسوسناک حادثہ انڈس ہائی وے پر سان ٹاؤن کے قریب پیش آیا تھا، جہاں ایک ایس یو وی مخالف سمت سے آ کر کار سے ٹکرا گئی، حادثے میں اسکردو سے تعلق رکھنے والے نعت خواں 16 سالہ علی کاظم خواجہ، ان کے 18 سالہ بھائی ندیم خواجہ، شگر کے 24 سالہ جان علی شاہ کاظمی، سماجی کارکن زین ترابی اور روہڑی کے عبدالغنی منگریو موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔
حادثے کے بعد لاشوں کو منجھنڈ تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر کراچی لے جایا گیا، جہاں زین ترابی اور عبدالغنی منگریو کی تدفین کردی گئی، جبکہ جان علی شاہ کاظمی اور ان کے بھائی سمیت تین افراد کی میتیں پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے تدفین کے لیے اسکردو اور شگر بھیجی گئیں۔
اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میتوں کو وصول کرنے کے لیے ہزاروں افراد موجود تھے، جہاں سے انہیں مرکزی امامیہ جامع مسجد لے جایا گیا۔ وہاں غم اور رنج کے جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔
نعت خواں علی کاظم خواجہ، ان کے بڑے بھائی ندیم خواجہ اور جان علی شاہ کاظمی کو ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔