ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ریٹائرڈ) محمد یار ولانہ کو رجسٹراراسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد یار ولانہ کو ایک سال کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر رجسٹرار مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق رجسٹرار سردار طاہر صابر کی مدتِ ملازمت گزشتہ روز مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا تھا۔ اب محمد یار ولانہ کو نئے رجسٹرار کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اس دوران ایک الگ پیش رفت میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے سیکرٹری کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے ایڈیشنل رجسٹرار مقصود احمد کو چیف جسٹس کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل نور محمد مرزا چیف جسٹس کے سیکرٹری کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ تاہم اب نور محمد مرزا کو چیف جسٹس کا پرسنل اسٹاف افسر تعینات کر دیا گیا ہے۔