پنڈی بھٹیاں : پنجاب کے حلقہ پی پی 39 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ ہولڈر اور معروف وکیل چوہدری قمر جاوید گجر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ نماز فجر کے وقت پیش آیا جب وہ مسجد کی طرف جا رہے تھے۔
نجی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کوٹ نکہ کے علاقہ میں چوہدری قمر جاوید گجر صبح سویرے نماز فجر کی ادائیگی کے لیے گھر سے نکلے ہی تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق، حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے مقاصد کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے کے رہائشیوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
چوہدری قمر جاوید گجر نہ صرف گذشتہ الیکشن میں صوبائی نشست پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر تھے بلکہ وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے سابق رکن اور پنڈی بھٹیاں بار کے سینئر ممبر بھی تھے۔ ان کی وفات پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکالنے کی ہدایات جاری کر دیں
چوہدری قمر جاوید گجر کے قتل پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری میاں علی رضا بھٹی ایڈووکیٹ نے جاری کردہ نوٹس میں کہا کہ چوہدری قمر جاوید گجر پر قاتلانہ حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔۔ ہماری بار آج مورخہ 13 فروری 2025 کو مکمل ہڑتال پر رہے گی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔