کراچی ( نئی تازہ نیوز) کراچی کے نارتھ ناظم آباد میں واقع نادرا میگا سینٹر میں اب شہری پاسپورٹ بھی بنوا سکیں گے، اس سلسلے میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ وزیرِ داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کے ہمراہ نادرا میگا سینٹر کا دورہ کیا اور یہاں قائم نئے پاسپورٹ آفس کی ورکنگ پر بریفنگ بھی لی۔
تفصیلات کے مطابق نادرا میگا سینٹر میں واقع یہ پاسپورٹ آفس تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرے گا، جس سے شہریوں کو کسی بھی وقت پاسپورٹ بنوانے کی سہولت میسر ہو گی۔ افتتاح کے موقع پر وزیرِ داخلہ نے پاسپورٹ بنوانے کے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ اس دوران شہریوں نے سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیرِ داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
شہریوں نے کہا کہ یہ سہولت بہت اہم ہے اور اس سے ہماری زندگی آسان ہو گئی ہے، وزیرِ داخلہ نے ہمارے لیے بڑی آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر بی آئی ایس پی کے تحت بائیو میٹرک کرانے والی خواتین کے مسائل بھی سنے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری حل کے لیے ہدایات دیں۔ بزرگ خواتین نے وزیرِ داخلہ کی جانب سے فوری احکامات پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر موجود شہریوں سے گبفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ۔