اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے گریڈ ایک سے لے کر گریڈ 22 تک کی 11 ہزار 877 خالی اسامیاں ختم کردی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان اسامیوں کی تفصیلات پارلیمنٹ کے سامنے پیش کر دیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق گریڈ ایک سے 18 تک 11,764 اسامیاں ختم کی گئیں، جبکہ گریڈ 19 سے 22 تک 113 اسامیاں ختم ہوئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا کہ کابینہ نے اگست 2024 میں 60 فیصد خالی ریگولر اسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت مختلف وزارتوں اور ڈویژنز سے اسامیوں کا خاتمہ کیا گیا۔ اس فیصلے کے تحت گریڈ 22 کی مشیر کی دو اسامیاں بھی ختم کی گئیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق گریڈ 20 کی 26 اسامیاں اور گریڈ 19 کی 85 اسامیاں ختم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، گریڈ 18 کی 135، گریڈ 17 کی 445 اور گریڈ 16 کی 552 اسامیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔