اسلام آباد ( نئی تازہ نیوز) پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی ممکنہ تاریخ بتا دی ، پہلا روز یکم مارچ کو ہو گا یا 2 مارچ کو ، تفصیل سامنے آگئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، رمضان المبارک کا چاند جمعہ 28 فروری کو شام 5:45 بجے پیدا ہوگا ، جو یکم مارچ کی شام کو نظر آسکتا ہے، اس طرح ملک بھر میں پہلا روزہ اتوار 2 مارچ 2025 کو ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر یکم مارچ کو چاند نظر آجاتا ہے تو پاکستان میں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہو جائے گا اور پہلا روزہ دو مارچ کو ہو گا تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں 28 فروری کو چاند نظر آسکتا ہے، جس کے بعد وہاں یکم مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔
پاکستان میں چاند نظر آنے کے بعد ہی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، تاہم رپورٹس کے مطابق روزوں کے مہینہ کا آغاز 2 مارچ سے ہونے کا امکان ہے۔ ملک بھر میں لاکھوں مسلمانوں نے رمضان کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب پی ایم ڈی کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں رمضان المبارک کے آخری 10 دنوں میں درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے، جس کا آگاز 20 مارچ کے آس پاس ہو گا۔
تاہم رمضان المبارک کے ابتدائی دنوں میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن میں معمولی گرمی ہوگی، لیکن راتیں سمندری ہواؤں کی وجہ سے خوشگوار رہیں گی۔
موجودہ موسمی حالات کے حوالے سے پی ایم ڈی نے بتایا ہے کہ اگلے دو دنوں میں سردی کی لہر میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔