ٹیکنالوجی کے دنیا کے دو بڑے ناموں ایلون مسک اور اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین کے درمیان کشیدگی ایک نئے موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ ایلون مسک نے ایک کنسورشیم کی قیادت کرتے ہوئے چیت جی پی ٹی کی مالک کمپنی اوپن اے آئی کو خریدنے کے لیے 97.4 ارب ڈالر کی آفر دی ہے۔ ان کے بقول پیشکش کا مقصد اوپن اے آئی کو اس کے اصل مشن، یعنی اوپن سورس اور محفوظ ترین اے آئی کی تیاری کی طرف واپس لانا ہے۔
ایلون مسک کا موقف
ایلون مسک جو اپنی اے آئی کمپنی ایکس اے آئی اور دیگر سرمایہ کاروں کی حمایت سے یہ پیشکش کر رہے ہیں، کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی اپنے بنیادی اصولوں سے بہت دور ہو چکی ہے۔ ان کے وکیل مارک ٹوبروف کے مطابق یہ پیشکش پیر کو کی گئی تھی۔ مسک کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی نے منافع کمانے پر توجہ مرکوز کر کے اپنے اصل مشن کو نظر انداز کر دیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا، “اوپن اے آئی کو واپس اپنے اصل مشن، یعنی اوپن سورس اور محفوظ ترین اے آئی کی تیاری کی طرف لوٹنا چاہیے۔”
سیم آلٹمین کا فوری انکار
اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے مسک کی پیشکش کو فوری طور پر مسترد کر دیا۔ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، “نہیں شکریہ، لیکن اگر آپ چاہیں تو ہم ٹویٹر کو 9.74 ارب ڈالر میں خرید لیں گے۔” مسک نے اس پر جواب دیتے ہوئے آلٹمین کو “دھوکے باز” کہا۔
تنازع کی تاریخ
ایلون مسک اور سیم آلٹمین نے 2015 میں اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی، جس کا مقصد انسانیت کے فائدے کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی تیار کرنا تھا۔ تاہم، مسک 2019 میں تنظیم سے الگ ہو گئے اور تب سے اوپن اے آئی کی کاروباری پالیسیوں، خاص طور پر مائیکروسافٹ کے ساتھ شراکت داری، پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اوپن اے آئی کے خلاف قانونی شکایات بھی درج کرائی ہیں، جس پر تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔
پیشکش کے ممکنہ اثرات
ایلون مسک کی یہ پیشکش اوپن اے آئی کے منصوبوں کو متاثر کر سکتی ہے، جن میں سافٹ بینک کا 40 ارب ڈالر کا فنڈنگ راؤنڈ بھی شامل ہے، جو کمپنی کی مالیت 300 ارب ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ پیشکش اوپن اے آئی کے مکمل طور پر منافع بخش ماڈل میں منتقلی کو بھی سست کر سکتی ہے، جس پر خیراتی تنظیموں کے ریگولیٹرز پہلے ہی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، اوپن اے آئی کے بورڈ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تنظیم کے اثاثوں کو منصفانہ قیمت پر فروخت کریں۔ یو سی ایل اے کی غیر منافع بخش قانون کی ماہر ایلن اپریل کا کہنا ہے کہ اگر بورڈ مسک کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کم قیمت پر فروخت کا فیصلہ کرتا ہے تو ان کے فیصلوں پر سوال اٹھ سکتے ہیں