اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج اور کل دو ججز کی چھٹی کی وجہ سے اہم کیسز کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار دونوں دو دن کی چھٹی پر گئے ہیں، جس کے نتیجے میں آج جمعرات اور کل منگل کو مقرر کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی اسلام آباد میں پولیس اور دیگر محکموں میں دوسرے صوبوں سے بھرتیوں کے حوالے سے کیس کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ جسٹس بابر ستار کی عدم دستیابی کے باعث لارجر بنچ کی کاز لسٹ بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے آج اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کیا تھا، جبکہ اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے نتائج روکنے کے حکم میں آج 6 فروری تک توسیع دی گئی تھی۔ اس کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل بنچ کو کرنی تھی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں حالیہ دنوں میں تین ججز کے تبادلے کے بعد انتظامی کمیٹی کو بھی تبدیل کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق عدالت کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین،سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم سومرو کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا، ایڈیشنل رجسٹرار نے جسٹس عامر فاروق کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
چیف جسٹس نے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کر دی ہے، جو اب سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ہوگی۔ ایڈیشنل رجسٹرار نے اس کمیٹی کے حوالے سے بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ یکم فروری کو لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک ایک جج کا تبادلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کر دیا گیا تھا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 200 کی شق (ون) کے تحت تین ججز کے تبادلے کی منظوری دی تھی، جس کا نوٹیفکیشن وزارت قانون و انصاف نے جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کا تبادلہ لاہور ہائی کورٹ، جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس محمد آصف کا بلوچستان ہائی کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کر دیا گیا۔