اسلام آباد: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ہائیکورٹ کے لیے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔ تفصیلی مشاورت کے بعد جوڈیشل کمیشن نے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 9 ججز کی تعیناتی کا ایجنڈا تھا، تاہم چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی درخواست پر 10 ججز کی تقرری کی منظوری دی گئی، جس پر کمیشن کے تین ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں 40 ناموں پر غور کیا گیا، جن میں سے 10 ناموں کو حتمی منظوری دی گئی۔
منظور شدہ ججز میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز فرح جمشید اور انعام اللہ خان شامل ہیں، جبکہ دیگر آٹھ وکلا میں محمد طارق آفریدی، عبدالفیاض، سبط اللہ خان، صلاح الدین، صادق علی، مدثر امیر، محمد اورنگزیب اور قاضی جواد احسان اللہ کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے گزشتہ روز صدر مملکت اور چیف جسٹس کو خط لکھا تھا، جس میں دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے اور انہیں چیف جسٹس بنانے کی ممکنہ کوشش کی مخالفت کی گئی تھی۔ ججز نے مطالبہ کیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین سینئر ججز میں سے ہی کسی کو چیف جسٹس مقرر کیا جائے۔