اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا. آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹرمہنگا کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ یہ اضافہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔
حکومت نے 31 دسمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان میں یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کردی تھیں اور پیڑول کی قیمت میں 56 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
بعد ازاں 15 جنوری کو بھی پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مزید 3 روپے 47 پیسے اضافہ کیا گیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 2 روپے 61 پیسے مہنگا کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث ہائی اسپیڈ ڈیزل، پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں مزید 6 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان تھا۔ عالمی مارکیٹ میں ایچ ایس ڈی کی اوسط قیمت میں 2.50 ڈالر فی بیرل سے زائد کا اضافہ اور پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 50 سینٹ فی بیرل کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔