اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت کے خلاف خاور مانیکا کی اپیلوں پر سماعت کرنے والے جسٹس اعظم خان نے خود کو کیس کی سماعت سے الگ کر لیا ہے۔
پیر کے روز جسٹس اعظم خان کی سربراہی میں عدت کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طرف سے وکیل شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران شعیب شاہین نے درخواست کی کہ کیس کو کسی دوسرے بنچ میں منتقل کیا جائے۔
وکیل شعیب شاہین نے مؤقف اختیار کیا کہ جسٹس اعظم خان پہلے ہی اس کیس کو قابل سماعت قرار دے چکے ہیں اور اپنا مائنڈ ڈسکلوز کر چکے ہیں، اس لیے یہ مناسب ہوگا کہ کیس کو کسی دوسرے بنچ کو منتقل کیا جائے۔
اس پر جسٹس اعظم خان نے کہا کہ وہ پہلے ایک نظرثانی درخواست سن چکے ہیں اور نیا بنچ تشکیل دینے کے لیے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھیج رہے ہیں۔
عدالت نے کیس کی فائل چیف جسٹس عامر فاروق کو ارسال کر دی ہے تاکہ بریت کے خلاف اپیل کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دیا جا سکے۔