ملتان ( نئی تازہ ڈیسک) ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرے باؤزر میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 31 دیگر زخمی ہوئے۔ ریسکیوافسر کے مطابق ایل پی جی باؤزر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث باؤزر پھٹ گیا اور اس کے ٹکڑے قریبی آبادیوں پر جا گرے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آگ بجھانے کے عمل میں 10 سے زائد فائر بریگیڈ گاڑیوں نے حصہ لیا اور فوم کا استعمال بھی کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملتان کے سی پی او صادق علی دوگر نے بتایا کہ دھماکے کی زد میں آنے والے کئی مکانات تباہ ہوگئے جبکہ جانور بھی جھلس کر ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی باؤزر سے گیس کا اخراج جاری ہونے اورحادثے کے بعد متاثرہ علاقے کو خالی کرالیا گیا ہے۔ دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 31 زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق حادثے کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ جائے حادثہ اور اس کے اطراف میں بجلی اور گیس کی سپلائی بند کردی گئی ہے جبکہ ملتان مظفرگڑھ روڈ کو کئی گھنٹے بندش کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
پولیس اور ریسکیو حکام حادثے کی وجوہات اور نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔