اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کی خام خوراک کی برآمدات میں 13.83 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 3 ارب 96 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 3 ارب 48 کروڑ ڈالر تھیں۔
رپورٹ کے مطابق غذائی افراط زر میں غیرمعمولی اضافے کے باوجود گزشتہ 17 ماہ کے دوران اشیائے خور و نوش کی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو رسد اور طلب کے فرق کی بنا پر زیادہ قیمتیں ادا کرنی پڑ رہی ہیں۔
پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کے مرتب کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چاول کی زیادہ برآمدات نے خوراک کی برآمدات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مالی سال 25 کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر2024) میں چاول کی برآمدات 14.50 فیصد اضافے کے ساتھ 1.87 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ باسمتی چاول کی مقدار 30.62 فیصد اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 16 ہزار 491 ٹن رہی، جس کی مالیت 18.06 فیصد بڑھ کر 43 کروڑ 38 لاکھ 20 ہزار ڈالر تک جا پہنچی۔
نان باسمتی چاول کی برآمدات بھی 13.47 فیصد اضافے کے ساتھ 1.44 ارب ڈالر اور مقدار کے لحاظ سے 17.35 فیصد بڑھ کر 26 لاکھ 43 ہزار ٹن رہیں۔
ادارہ برائے شماریات کے مطابق گزشتہ 2 سال کے دوران برآمدات میں مسلسل اضافے کے باعث باسمتی چاول کی اوسط قیمت 150 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین کی خریداری محدود ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے 6 ماہ میں چینی کی برآمدات 6 لاکھ 32 ہزار 804 ٹن تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 33 ہزار 101 ٹن تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25-2024 کے پہلے 6 ماہ میں گوشت کی برآمدات میں 3.64 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جس میں نئی منڈیوں کے کھلنے، گوشت کی برآمدات میں نئی کمپنیوں کی شمولیت اور اضافی مذبح خانوں کی منظوری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی مارکیٹ میں گوشت کی قیمتوں میں گزشتہ چند سالوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، اور گزشتہ ساڑھے تین سال میں بچھیا کے گوشت کی اوسط قیمت 700 روپے فی کلو سے بڑھ کر 1400 روپے فی کلوتک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر کے دوران سبزیوں بالخصوص پیاز کی برآمدات میں 1.71 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پھلوں کی برآمدات میں 1.32 فیصد کمی اور مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات کی برآمدات میں 1.47 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا۔