بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے جاری مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس فیصلے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ حکومت نے سات دن کے اندرجوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ابھی تک نہیں بنایا گیا، اس لیے بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی سے ہماری اور دیگر وکلاء کی ملاقات ہوئی تھی، اور خان صاحب نے کہا ہے کہ کمیشن کا اعلان نہیں ہوا، اس لیے مذاکرات ختم کر دیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ مذاکرات کے مزید راؤنڈز نہیں ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خان صاحب نے حکومت کو سات دن کا وقت دیا تھا، اور اگر آج کمیشن کا اعلان نہیں ہوتا تو مذاکرات کا اگلا راؤنڈ نہیں ہوگا۔ حکومت نے ابھی تک کمیشن کا اعلان نہیں کیا، ہماری خواہش تھی کہ مذاکرات جاری رہیں اور بات چیت آگے بڑھتی، لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات میں اتنی شدت آ چکی ہے کہ کسی حل کی صورت نکلتی نہیں نظر آ رہی۔ اگر کمیشن بنانا ہے تو تین سینئر ججز سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ سے ہونے چاہئیں۔ ہم آئین اور قانون کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ اور 26ویں ترمیم کے خلاف بھرپور کوششیں کریں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ خان صاحب نے کہا کہ آج کے دن تک کمیشن کا اعلان نہ ہونے کی وجہ سے مذاکرات ختم ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں ہے، اور نہ ہی پی ٹی آئی اس بات پر یقین رکھتی ہے۔