وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کے تحت ایئرپورٹس پر 9 شہروں سے آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ ان شہروں میں منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، شیخوپورہ اور بھمبر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، پہلی بار سفر کرنے والے 15 سے 40 سال کے مسافروں کی بھی نگرانی کی جائے گی۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق، پاکستان اور آزاد کشمیر کے 9 شہروں اور 2 غیر ملکی ایئرلائنز کے مسافروں کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس میں 16 ممالک کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کی پروفائلنگ اور چیکنگ کا نظام بہتر بنانے کی بات کی گئی ہے۔ لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکیہ، قطر، کویت، کرغزستان، سعودی عرب اور مصر جانے والے مسافروں کی بھی پروفائلنگ کی جائے گی۔
ایف آئی اے کی جانب سے 9 اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی کڑی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے اور ان کے سفری مقصد اور مالی انتظامات کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے سخت انٹرویوز لینے کا حکم دیا گیا ہے۔ مشکوک مسافروں کی دستاویزات، جیسے واپسی کے ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ کو اچھی طرح چیک کیا جائے گا۔ وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر جانے والوں کے تمام دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں غیر قانونی طریقے سے اسپین جانے والی کشتی کے حادثے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن کی جانیں ضائع ہو گئیں۔ اس حادثے میں 66 پاکستانی شامل تھے اور صرف 36 کو بچایا جا سکا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی، جو مراکش اور موریطانیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کا پتہ لگائے گی اور حادثے میں بچ جانے والوں سے ملاقات کرے گی۔