قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے اجلاس کا 14 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے آغاز میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے، جبکہ وزیر قانون صنفی تفریق کے متعلق مختلف خواتین ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹسز کا جواب دیں گے۔
اجلاس میں وزیر تعلیم پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی آرڈیننس پیش کریں گے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن پر عمل درآمد کے بل پیش کرنے کی تحریک پیش کریں گے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون و انصاف دیوانی عدالتوں کے ترمیمی بل پر اپنی کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کریں گے۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ پاکستان ساحلی محافظین ترمیمی بل 2024 اور پاکستان شہریت ترمیمی بل 2024 پر بھی اپنی کمیٹی کی رپورٹس ایوان میں پیش کریں گے۔
قومی اسمبلی کے ارکان پوائنٹ آف آرڈرز پر مختلف مسائل ایوان میں اٹھائیں گے۔