پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزہفتہ کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں گرین شرٹس کو 93 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز 143 رنز پر 4 وکٹوں کے نقصان سے شروع کی، تاہم بیٹرز مشکلات کا شکار رہے۔ سعود شکیل نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 84 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کے درمیان 141 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
دیگر بیٹرز میں سلمان آغا 2، نعمان علی صفر، ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستانی ٹیم 230 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جومل واریکن نے 3،3 وکٹیں جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز
ویسٹ انڈیز کےلیے بیٹنگ کا آغاز تباہ کن رہا۔ اسپنر ساجد خان نے ابتدائی چار وکٹیں حاصل کیں، جن میں کریگ براتھویٹ (11)، میکائل لوئس (1)، کیسی کارٹی (0) اور کیویم ہوج (4) شامل تھے۔
بعدازاں نعمان علی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جن میں جسٹن گریویس (4)، ٹریون املیچ (6)، ایلک ایتھنیز (6)، کیون سنکلیئر (11) اور گڈاکیش موتی (19) شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کے آخری بیٹر جیڈن سیلز (22) کو ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
جمعہ کو میچ کے پہلے روز خراب موسم کے باعث کھیل تاخیر کا شکار ہوا تھا اور میچ کا آغاز دوپہر میں ممکن ہوا۔ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ابتدائی روز پاکستان نے 4 وکٹوں پر 143 رنز بنائے تھے، تاہم دوسرے روز بیٹرز ویسٹ انڈیز کے بالرز کے سامنے زیادہ دیر کھڑے نہ رہ سکے۔