پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج پیر کو سنایا جائے گا، جس سے متعلق عدالتی عملے نے وکیل صفائی خالد یوسف چوہدری کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے عملے نے وکیل صفائی خالد یوسف چوہدری کو آگاہ کیا کہ کیس کا فیصلہ 13 جنوری بروز پیر، صبح ساڑھے 10 بجے سنایا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت پیر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی اور اس پر فیصلہ سنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سینٹرل جیل اڈیالہ میں دلائل سننے کے بعد 18 دسمبر 2024 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو پہلے 22 دسمبر کو سنائے جانے کابتایا کیا گیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے تعطیلات اور کورس کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے فیصلہ 6 جنوری کو سنانے کا اعلان کیا۔
تاہم 6 جنوری کو بھی فیصلہ نہیں سنایا جا سکا اور یہ ایک بار پھر مؤخر کر دیا گیا۔ پچھلی سماعت پر جج ناصر جاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ مؤخر کیا گیا تھا۔
عدالتی عملے نے عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو نئی تاریخ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔