لاہور( نئی تازہ رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ دھند میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ جین مندر، ٹاؤن شپ، سمن آباد، شفیق آباد، بند روڈ، چوبرجی، مزنگ اور دیگر علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی ۔
منچن آباد، بصیرپور، قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، عارف والا، ساہیوال اور رینالہ خورد میں بھی بادل برسنے سے موسم سرد ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں مزید بارش کا امکان ہے، اور شہر کا درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جس میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ دوسری جانب، ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور کشمیر، مری، گلیات سمیت گرد و نواح میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں تاؤ بٹ میں پارہ منفی 21، لہہ میں منفی 13، پاراچنار میں منفی 12، استور میں منفی 11، گوپس میں منفی 10، سکردو میں منفی 9، کالام میں منفی 7 اور ہنزہ میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع بشمول منڈی بہاؤالدین، جہلم، قصور،گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور ڈی جی خان میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہے گا اور کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور ایم 5 ملتان سے روہڑی تک بند کر دی گئی ہے۔