اسلام آباد: اب تک حج درخواستیں جمع نہ کروا سکنے والے عازمین کے لیے اچھی خبر آگئی ، حج درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع کرنے کا فیصلہ ہو گیا۔ جبکہ نجی حج گروپ کی بکنگ بھی 10 جنوری سے شروع ہوجائے گی ۔
نجی ٹی وی نے وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت باقی رہ جانے والے پانچ ہزار کے کوٹے پر درخواستوں کی وصولی شروع کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ نئی حج درخواستوں پر قرعہ اندازی نہیں کی جائے گی اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کنفرم حج ٹکٹ دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی کے لیے پانچ روزکا وقت مقرر کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت اس سے قبل 81 ہزار 500 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت پرائیویٹ حج انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حافظ طاہر اشرفی ، سیکرٹری مذہبی امور اور چیئرمین حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ناصر خان بھی شریک تھے ۔
رپورٹس کے مطابق اجلاس میں نجی حج آپریشنز سے متعلق معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی اتفاق رائے سے معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی ۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ نجی حج گروپ کی بکنگ 10 جنوری سے شروع ہوگی ۔