بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر ہوگیا ہے۔ فیصلہ کل پیر 6 جنوری کو نہیں سنایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے پیر کو فیصلہ سنانا تھا، تاہم اب یہ فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا۔ عدالت نے ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے وکلا کو نئی تاریخ سے کل آگاہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے اس ریفرنس کی سماعت مکمل ہونے پر 18 دسمبر 2024 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پہلے 23 دسمبر کو فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی، جو بعد میں تبدیل کرکے 6 جنوری کردی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں 27 فروری 2024 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی، اور اس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا۔ اس دوران 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں اور 35 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ ان گواہان میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک بھی شامل تھے۔ ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔