پاکستان کو آئندہ برسوں میں 40 ارب ڈالرز تک کے قرضے ملنے کی توقع ہے ، عالمی بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ باقی 20 ارب ڈالرز کے لیے عالمی بینک کے 2 ذیلی ادارے پاکستان کی مالی مدد کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک نے پاکستان کو 10 سال کے دوران 20 ارب ڈالرز کے قرضے دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اور اس قرض کی منظوری رواں ماہ کے وسط تک ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق قرض کی منظوری کے بعد ورلڈ بینک کے نائب صدر کے اسلام آباد دورے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس قرض پروگرام کے تحت 10 سالہ اہداف طے کیے جائیں گے اور یہ قرض کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 35-2025 کے تحت فراہم کیا جائے گا۔
مذکورہ قرض کا مقصد پاکستان کے وہ اہم شعبے بہتر بنانا ہے جو طویل عرصے سے نظر انداز ہو رہے ہیں،اس کے تحت ہونے والے منصوبے سیاسی تبدیلیوں سے محفوظ رہیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی بینک کے 2 ذیلی ادارے مزید 20 ارب ڈالرز کے نجی قرضوں کے حصول میں پاکستان کی مدد کریں گے، جس سے قرض کا مجموعی پیکیج 40 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔