ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم کے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کے بعد زخمی ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ لوئر کرم کے بگن علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کرم تنازعہ کے حل کے لئے امن معاہدہ طے پایا تھا اور پاراچنار ٹل روڈ کو 3 ماہ بعد کھولا گیا تھا۔ اس موقع پر 75 مال بردار گاڑیوں کا قافلہ سیکیورٹی حصار میں پاراچنار روانہ کیا گیا۔ قافلے کی روانگی کی نگرانی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کی، جن کے ہمراہ کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
امن معاہدے کے تحت کرم اور پاراچنار کے درمیان روڈ کو کلیئر کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے، اور امدادی سامان جیسے خوراک، ادویات، گیس سلنڈرز اور دیگر ضروری اشیاء لے کر 75 بڑی مال بردار گاڑیوں کا قافلہ روانہ کیا گیا۔ قافلے میں 22 ویلر، 10 ویلر اور 6 ویلر ٹرک شامل تھے جن میں خوراک، ادویات، سبزیاں، گھی، آئل، چینی، گیس سلنڈرز اور دیگر گھریلو استعمال کا کھانے پینے کا سامان بھی شامل تھا۔