جنوری کے پہلے ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی توقع ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ یکم جنوری سے 6 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ یکم جنوری سے 5 جنوری تک چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ اور بونیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق باجوڑ مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیار رہیں اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم نے مراسلے میں کہا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام کو بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ کسانوں کو موسمی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دینے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے آگاہ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ کو مقامی زبانوں میں پیغامات پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی کے لیے چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔