چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہفتہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں الیکٹرک اور فیڈر بسوں کے آپریشنز کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پی اینڈ ڈی، ممبر ٹیکنالوجی، ممبر فنانس، ڈی جی ورکس، ڈائریکٹر بی آر ٹی، پی ڈی بی آر ٹی اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو فیڈر الیکٹرک بسوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیڈر روٹس پروجیکٹ کے لیے 160 الیکٹرک بسوں کو مختص کیا گیا ہے جنہیں بی آر ٹی کی مختلف لائنز کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ اس کے علاوہ، فیڈر بسوں کے لیے مختلف مقامات پر 216 بس اسٹاپ اور 4 ڈپوز کے ساتھ چارجنگ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ رواں برس جولائی میں 4 فیڈر روٹس کا آغاز کیا گیا تھا جو اس وقت کامیابی سے آپریشنل ہیں، اور ان بسوں کی روزانہ کی رائیڈر شپ اور سفر کرنے والے شہریوں کی تعداد میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔ 25 دسمبر کو ان روٹس میں مزید 4 نئے روٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کو یہ بھی بتایا گیا کہ جناح کنونشن سینٹر اور سیکٹر H-9 میں چارجنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے، جبکہ زیرو پوائنٹ پر ان بسوں کے ڈپو کی تعمیر کے سلسلہ میں جلد پیش رفت ہو گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تمام 13 فیڈر روٹس کا افتتاح اور زیرو پوائنٹ پر بس ڈپو کی گراؤنڈ بریکنگ جلد کی جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان بسوں اور بس ٹرمینلز میں اشتہارات کے لیے ڈیجیٹل بورڈز متعارف کرائے جائیں۔ چیئرمین نے کہا کہ عوامی خدمات کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے سبسڈی پر انحصار کم کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد شہر میں تمام کمرشل اور پرائیوٹ ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک پر منتقل کرنے کے لیے ایک جامع پالیسی اور ریگولیشنز متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پہلے مرحلے میں سی ڈی اے اپنی تمام بسوں کو الیکٹرک وہیکلز پر منتقل کرے گا، اور اسلام آباد میں چلنے والے پبلک سیکٹر اداروں اور یونیورسٹیوں کی بسوں کو بھی الیکٹرک پر منتقل کرنے کے لیے سی ڈی اے ان کے ساتھ بات چیت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا کا شناختی کارڈ کے لیے اہم مقامات پر خودکار سروس مشینیں نصب کرنے کا اعلان
چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر فنانس کو سبسڈی پر انحصار کم کرنے اور الیکٹرک بسوں کے متعارف کرانے کے لیے ورکنگ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سسٹم کو ماحول دوست بنانے کے لیے شہریوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے معیاری، کم خرچ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔