لاہور( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے جعلی ویزے تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو ملک کے مختلف حصوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کرتے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شادمان کالونی میں چھاپہ مارا اور 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان ضیاالرحمٰن اور اعجاز احمد ہیں، جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کے ذریعے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کر رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان جعلی پاسپورٹس، ویزا اسٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات تیار اور فروخت کرتے تھے، اور سادہ لوح شہریوں کو جعلی دستاویزات کے ذریعے فراڈ کا نشانہ بناتے تھے۔ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی ویزا اسٹکرز برآمد ہوئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان بھاری رقم کے بدلے جعلی دستاویزات فراہم کرتے تھے اور بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے 20 پاکستانی اور 31 غیر ملکی پاسپورٹس بھی ضبط کیے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمان سے وہ مشینیں بھی برآمد ہوئیں جو جعلی ویزا اسٹکرز بنانے میں استعمال ہوتی تھیں۔ ان مشینوں سے یورپ، چین، برطانیہ، امریکہ، برازیل، انڈونیشیا، ترکی، سربیا، یونان، سویڈن، مالٹا، کروشیا، اسپین، پرتگال اور یو اے ای کے جعلی ویزا اسٹکرز تیار کیے جاتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :کراچی: میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ای مارکنگ کا تجربہ کیا جائے گا
ایف آئی اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان سے 95 جعلی اسٹامپس، بینک ڈیپازٹ سلپس، 13 جعلی رہائشی کارڈز، امیگریشن اسٹمپس، لیمینیشن شیٹس اور دیگر سفری دستاویزات بھی ضبط کی گئیں۔ اس کے علاوہ، چیمبر آف کامرس کے جعلی کارڈز، اسٹوڈنٹ کارڈز، موبائل فونز، لیمینیشن مشینیں اور ٹائپنگ مشینیں بھی برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزمان کا نیٹ ورک متعدد ایجنٹس کے ساتھ مل کر کام کرتا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے چھاپہ مار ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر چھاپہ مار ٹیمیں منظم گینگ کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں اور انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
عبدالقادر قمر نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، اور کسی کو بھی معصوم شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔