اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل پیر کو طلب کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل صبح ساڑھے گیارہ بجے ملاقات کی دعوت دی ہے۔
سپیکر نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ اقدام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ نیک نیتی کے ساتھ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ اراکین کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف بات چیت اور مکالمے کے ذریعے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ ، عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے سرکاری اداروں کے لیے کمرشل عمارات کے ہائرنگ ریٹس میں نمایاں اضافہ کر دیا
تحریک انصاف کی جانب سے عمر ایوب، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، علی امین خان گنڈا پور اور صاحبزادہ حامد رضا کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ رات چیئرمینپی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔