آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں بھارت کے میچز کے لیے یو اے ای کو نیوٹرل وینیو بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ سے معاملات طے پا گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ شیخ نیہان مبارک سے اہم ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات گھوٹکی میں شیخ نیہان کے خصوصی خیمے میں ہوئی۔
محسن نقوی اور شیخ نیہاں مبارک کی ملاقات میں چیمپینز ٹرافی کے لیے بھارت کے میچز کے حوالے سے نیوٹرل وینیو کے معاملے پر اتفاق ہوگیا، جس کے تحت دبئی کو فائنل وینیو کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت اور پاکستان کے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کی تصدیق کردی تھی۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک آئندہ تین سال تک ایک دوسرے کے ملک میں کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔
چیمپینز ٹرافی پاکستان اور یو اے ای کے نیوٹرل وینیو پر کھیلی جائے گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا حتمی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔