مری میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے شہرکے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ 132 کےوی کی مین لائن ٹرپ ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سیاحوں اور مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مری کے مختلف علاقوں بشمول مال روڈ، جھیکاگلی، بھوربن اور ایکسپریس وے کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ واپڈا حکام کا کہنا تھا کہ 132 کےوی کی مین لائن ٹرپ کر گئی ہے۔
اسی دوران گوادر کے گرڈ اسٹیشن میں بھی فنی خرابی کے باعث شہر بھر میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ۔ گوادر گرڈ سے جڑے ہوئے سربندن اور نگور کے علاقے بھی تاریکی میں ڈوب گئے کیسکو حکام کا کہناہے کہ گرڈ اسٹیشن کے فالٹ کو دور کرنے کے لیے تربت سے تکنیکی عملہ طلب کر لیا گیاہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی میں بھی بجلی کی بندش نے پانی کی سپلائی متاثر کر دی تھی۔ کراچی کے ڈھابےجی پمپنگ اسٹیشن میں بجلی کی خرابی کے باعث پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوگئی تھی، 72 انچ کی پائپ لائن پھٹ گئی تھی اور لاکھوں گیلن پانی ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ قریبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔