راولپنڈی : سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرمان کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں ، ان میں 25 مجرمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں ملوث جان محمد خان کو 10 سال، محمد عمران محبوب کو بھی 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ جی ایچ کیو حملے میں ملوث راجہ محمد احسان کو بھی 10 سال قید بامشقت اورپی اے ایف بیس میانوالی پرحملے میں ملوث انور خان کو 10 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 9 مئی 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، اور 9 مئی کے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب بن چکے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ پرتشدد واقعات پوری قوم کے لیے ایک شدید صدمہ ہیں۔ اس یوم سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی اور ملوث ملزمان کے خلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے لیے بھجوائے گئے جہاں مناسب قانونی کارروائی کے بعد ان مقدمات کا ٹرائل کیا گیا، اور 13 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے 7 رکنی آئینی بنچ نے زیر التوا مقدمات کے فیصلے سنانے کا حکم دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائیں، یہ سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کے مکمل ہونے کے بعد سنائی گئی ہیں۔ سزا پانے والے ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے تمام قانونی حقوق فراہم کیے گئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 9 مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی پروپیگنڈے اور جھوٹ کا شکار ہونے والے افراد کے لیے یہ سزائیں ایک تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، متعدد ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی مختلف عدالتوں میں بھی مقدمات زیر سماعت ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ریاست پاکستان 9 مئی کے واقعات میں مکمل انصاف فراہم کرکے ریاست کی عملداری کو یقینی بنائے گی، 9 مئی کے مقدمے میں انصاف فراہم کر کے تشدد کی بنیاد پر کی جانے والی گمراہ اور تباہ کن سیاست کو دفن کیا جائے گا، 9 مئی پر کیا جانے والا انصاف نفرت، تقسیم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی نفی کرتا ہے، آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔
سزا پانے والوں کی تفصیلات یہ ہیں
جناح ہاؤس حملے میں ملوث جان محمد خان ولد طور خان کو 10 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد عمران محبوب ولد محبوب احمد کو 10 سال قید بامشقت
جی ایچ کیو حملے میں ملوث راجہ محمد احسان ولد راجہ محمد مقصود کو 10 سال قید بامشقت
پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان حملے میں ملوث رحمت اللہ ولد منجور خان کو 10 سال قید بامشقت
پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث انور خان ولد محمد خان کو 10 سال قید بامشقت
بنوں کینٹ حملے میں ملوث محمد آفاق خان ولد ایم اشفاق خان کو 9 سال قید بامشقت
چکدرہ قلعہ حملے میں ملوث داؤد خان ولد امیر زیب کو 7 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث فہیم حیدر ولد فاروق حیدر کو 6 سال قید بامشقت
ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث زاہد خان ولد محمد خان کو 4 سال قید بامشقت
پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث یاسر نواز ولد امیر نواز خان کو 2 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث عبدالہادی ولد عبدالقیوم کو 10 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث علی شان ولد نور محمد کو 10 سال قید بامشقت
جناح ہاوس حملے میں ملوث داؤد خان ولد شاد خان کو 10 سال قید بامشقت
جی ایچ کیو حملے میں ملوث عمر فاروق ولد محمد صابرکو 10 سال قید بامشقت
پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث بابر جمال ولد محمد اجمل خان کو 10 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد حاشر خان ولد طاہر بشیرکو 6 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد عاشق خان ولد نصیب خان کو 4 سال قید بامشقت
ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث خرم شہزاد ولد لیاقت علی کو 3 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد بلاول ولد منظور حسین کو 2 سال قید بامشقت
پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث سیِعد عالم ولد معاذ اللہ خان کو 2 سال قید بامشقت
آئی ایس آئی آفس فیصل آباد حملے میں ملوث لئیق احمد ولد منظور احمد کو 2 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث علی افتخار ولد افتخار احمدکو10 سال قید بامشقت
جناح ہاؤس حملے میں ملوث ضیا الرحمان ولد اعظم خورشید کو 10 سال قید بامشقت
پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان حملے میں ملوث عدنان احمد ولد شیر محمد کو 10 سال قید بامشقت
پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان حملے میں ملوث شاکر اللہ ولد انور شاہ کو 10 سال قید بامشقت