راولپنڈی : جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف عمران خان، شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈا پور سمیت 13 رہنماؤں کی درخواستیں عدالت نے مسترد کردیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں، جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں مسترد کردیں۔
عدالت نے فواد چودھری، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید احمد کی درخواستیں بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے بادی النظر میں شواہد موجود ہیں۔ سانحہ 9 مئی کے پانچ ملزمان میجر ستی اور ایم این اے احمد چٹھہ کی عمرہ پر جانے کی درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں۔
عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی عدالتی کارروائی ریکارڈ کرنے اور اس کی فوٹیج فراہم کرنے کی درخواستوں کی سماعت کل ( ہفتہ 21 دسمبر) تک ملتوی کر دی، جب کہ کرنل اجمل صابر اور خلیق زیاد کیانی کے 24 نومبر احتجاج کیس میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت بھی کل تک ملتوی کر دی گئی۔