اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں کے لیے کمرشل عمارات کے ہائرنگ ریٹس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے فی اسکوائر فٹ کرایہ 80 روپے سے بڑھا کر 180 روپے کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ان نظرثانی شدہ ہائرنگ ریٹس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں کمرشل عمارتوں کا فی اسکوائر فٹ کرایہ 60 روپے سے بڑھا کر 135 روپے، جبکہ کراچی کے لیے فی اسکوائر فٹ کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 113 روپے کر دیا گیا ہے۔
پشاور کے لیے کمرشل عمارات کا کرایہ 35 روپے سے بڑھا کر 79 روپے اور کوئٹہ کے لیے 30 روپے سے بڑھا کر 68 روپے کیا گیا ہے۔
اسی طرح چھوٹے شہروں میں بھی کمرشل عمارات کا فی اسکوائر فٹ کرایہ 35 روپے سے بڑھا کر 79 روپے کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبہ و طالبات کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان
یہ ہائرنگ ریٹس سرکاری اداروں کی جانب سے نجی عمارات کرائے پر لینے کی صورت میں لاگو ہوں گے۔ وزارتوں اور ڈویژنوں کو دفاتر کے حصول کے لیے ضرورت کے مطابق 5 فیصد اضافہ کی اجازت ہوگی۔ جبکہ سینٹرلی ایئر کنڈیشنڈ عمارات کے لیے مقررہ کرایے میں 25 فیصد اضافی ریٹس لاگو ہوں گے۔
دوسری جانب روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وفاقی ملازمین کے لیے رہائشی کرایوں کی نظرثانی کے لیے اسٹیٹ آفس کے سروے کو تھرڈ پارٹی اسیسمنٹ کے لیے پاک پی ڈبلیو ڈی کو خط لکھ دیا ہے۔
فنانس ڈویژن نے اس سروے کی تھرڈ پارٹی اسیسمنٹ کرانے کی ہدایت کی ہے اور تین دن میں جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ اسٹیٹ آفس نے سفارش کی تھی کہ ملک کے چھ بڑے شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں مقیم وفاقی ملازمین کے لیے رینٹل سیلنگ میں اضافہ کیا جائے۔