سندھ حکومت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر صوبے بھر میں 27 دسمبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 27 دسمبر 2024 بروز جمعہ صوبے میں سرکاری تعطیل ہو گی۔
اس روز پیپلز پارٹی کی طرف سے سندھ سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تقریبات میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت اور ملک و قوم کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء کو اس وقت شہید کیا گیا جب وہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر جا رہی تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی17ویں برسی کے موقع پر وفاقی حکومت سے ہیلی کاپٹرمانگا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں ہیلی کاپٹر مہیا کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر برسی کے موقع پرصدر مملکت آصف علی زرداری سمیت اہم شخصیات کی شرکت کے پیش نظر گڑھی خدابخش کی فضائی نگرانی کےلئے مانگا گیا ہے ۔