کراچی ( نئی تازہ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے دو گراونڈ کیے گئے طیاروں کو فلائٹ آپریشن کے لیے دوبارہ فعال کرنے کا کام تیز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں کو آپریشنل بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
بوئنگ 777 ایک بڑی گنجائش والا طیارہ ہے جس میں 440 نشستیں ہیں، اور اسے یورپ اور حج آپریشنز کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ طیارہ 10 جنوری سے شروع ہونے والے یورپ کے فلائٹ آپریشنز کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے۔
لیکن حال ہی میں پابندی اٹھنے کے بعد خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ پی آئی اے کا یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ غفلت کے سبب پی آئی اے کے 34 طیاروں میں سے 17 طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے یورپ فلائٹ آپریشن میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث نائجیرین گروہ گرفتار
بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 گراؤنڈ ہیں، ایئربس 320 کے 17 طیاروں میں سے 7 گراؤنڈ ہیں، جب کہ 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے صرف 2 طیارے فلائٹ آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان طیاروں میں زیادہ تر انجن، لینڈنگ گیئر، APU اور دیگر پرزہ جات کی کمی کی وجہ سے یہ گراونڈ کیے گئے ہیں، جس سے پی آئی اے کو کروڑوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس کے لیے آپریٹ ہونے والا بوئنگ 777 تیار ہو چکا ہے اور 10 جنوری 2025 کو اس کی پہلی پرواز روانہ ہوگی۔