سندھ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے لیے سالانہ امتحانات 2025 کا نصاب 25 فیصد کم کردیا، صرف 75 فیصد نصاب سے امتحانات لیے جائیں گے۔
پیر کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اس فیصلے کا خاکہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ نصاب میں 25 فیصد کمی کا یہ فارمولہ محکمہ تعلیم سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم، اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے تمام شعبہ جات، بشمول سائنس، ہیومینیٹیز، کامرس، جنرل گروپ، پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے امتحانات 75 فیصد نصاب تک محدود ہوں گے۔
تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات سے پہلے نصاب کا 50 فیصد مکمل کرایا جائے۔ تعطیلات کے بعد باقی نصف سلیبس میں سے آدھا سلیبس یعنی 50 فیصد پڑھایا جائے گا، اس طرح پورے تعلیمی سیشن 2024-25 میں مجموعی طور پر 75 فیصد نصاب پڑھایا جائے گا، اور اسی نصاب سے امتحانات لیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ 28 نومبر کو اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تعلیمی سیشن 2025-26 کا آغاز یکم اگست کے بجائے یکم اپریل سے ہوگا، جبکہ میٹرک کے امتحانات 15 مارچ اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے۔ اسی وجہ سے نصاب کو مختصر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔