پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے ایک اور اہم خبر سامنے آگئی ،عماد وسیم کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ محمد عامر نے اپنے فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ عامر کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمے داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔
محمد عامر نے 2009ء میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا اور اس دوران عامر نے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1179 رنز بنائے۔ عامر 2009ء میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
یاد رہے کہ محمد عامر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں اپنی کمزور کارکردگی کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا بھی رہا تھا، جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل محمد عامر 2020 میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں، تاہم انہوں نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی اور اس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی تھی، مگر وہ اس میں زیادہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی حال ہی میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ اپنے پیغام میں عماد وسیم نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے سب سے بڑا فخر ہے، اور ٹیم کے ساتھ گزارا ہر لمحہ یادگار ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ وہ فرنچائز کرکٹ میں کھیلتے رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام جاری کیا ہے۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ محمد عامر اور عماد وسیم کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔