پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کا انعقاد ہوگا، جس پر آئی سی سی اور بھارت نے پاکستان کی تمام شرائط کو تسلیم کر لیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق دونوں بورڈز کے درمیان معاہدے پر ایک دو دن میں باضابطہ دستخط ہوں گے، جس کے بعد آئی سی سی خود اس کا اعلان کرے گا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان اور دبئی میں ہوں گے۔ دونوں فریقوں کے درمیان یہ بھی طے پایا ہے کہ 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کی ٹیم بھارت نہیں جائے گی اور پاک بھارت لیگ میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کو بھارت کے میچوں کی میزبانی سے متعلق کوئی زر تلافی نہیں ملے گا، تاہم اس کے بدلے پی سی بی کو 2027 کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی کی تجاویز کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت نے دبئی کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے لیے ایک ممکنہ وینیو قرار دینے پر اتفاق کیا ہے، جب کہ پاکستان 5 میچز کے لیے دبئی، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے بات چیت کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 3 سالہ فیوژن ماڈل پر آئی سی سی سے باضابطہ منظوری ملنے کا امکان ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اصولی معاہدہ تحریری شکل اختیار کرے گا۔ اس معاہدے میں پاکستان اور بھارت کی رضامندی کے بعد 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد دبئی اور پاکستان میں ہوگا، اور 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان بھارت نہیں جائے گا، بلکہ کولمبو میں میچز کھیلنے پر رضامند ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ یہ معاہدہ طویل مذاکرات کے بعد طے پایا ہے، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئیں، جنہیں آئی سی سی اور بھارت نے قبول کیا ہے۔